پاکستان ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کیلئے مشکل حریف ثابت ہوگا، صلاح الدین صلو

بدھ 29 جون 2016 15:45

پاکستان ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کیلئے مشکل حریف ثابت ہوگا،  صلاح الدین ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس صلاحیت ہے اور وہ انگلینڈ ٹیم کو اگلے ماہ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مشکل حریف ثابت ہوں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں صلاح الدین کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی ٹیم کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو وہ الیسٹرکک کی ٹیم کے لیے مشکل حریف ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے مقابلے میں بہتر ہے ، ہمارے پاس تجربہ کار اور نوجوانوں پر مشتمل اچھی ٹیم ہے اور بالنگ میں مشکلات کھڑی کریں گے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر جانتا ہوں کہ جولائی اور اگست انگلینڈ میں کرکٹ کے مہینے ہوتے ہیں اور ٹیسٹ سیریز کے دوران موسمی حالات پاکستان کے لیے موزوں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

صلو کا کہنا تھا کہ لارڈز جہاں 14 جولائی سے پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا، بھی پاکستانی بالرز کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا کیونکہ انھوں نے سری لنکا سیریز کو جانچا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا سیریز کے دوران گیند نیچے رہ رہی تھی جس کا مطلب ہے کہ بانس سے بلے بازوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔پاکستان ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ اور شان مسعود سے بڑی توقعات وابستہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی مختلف اسٹائل کے بلے باز ہیں لیکن وہ انگلینڈ کی کنڈیشن پر کچھ کھیل چکے ہیں اس لیے میں ان کے بطور اوپنر کامیابی کے لیے پراعتماد ہوں ۔

صلو نے اسپیشلسٹ اوپنرز کے ہوتے ہوئے اظہرعلی کو بطور اوپنر آزمانے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ شان یا حفیظ کی انجری کی صورت میں ہمارے پاس سمیع اسلم کی صورت میں متبادل موجود ہے جو انگلینڈ میں انڈر19 کے کپتان کی حیثیت سے کچھ سال قبل بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں ۔سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ انگلینڈ میں ہم نے زیادہ تر میچز بالرز کی وجہ سے جیتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس دفعہ بہترین کھلاڑیوں کپتان مصباح، یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد کی موجودگی میں بیٹنگ انگلینڈ کے خلاف جتوا دے گی ۔

پاکستانی بالنگ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 'محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی اور یاسر شاہ تمام بہترین بالرز ہیں اور انگلینڈ کے بلے بازوں کا جینا حرام کردیں گے ۔صلو کا کہنا تھا کہ ڈسپلن نہ صرف کھلاڑیوں کے ضابطے کے لیے بنیاد ہے بلکہ میدان میں کارکردگی کے لیے بھی اہم ہے، باوجود اس کے مجھے فیلڈنگ سے بھی توقعات ہیں کہ بالرز کے لیے بہت اچھی مدد ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :