ہندوستان مسئلہ کشمیر پر بات چیت سے بچنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے گریز کر رہا ہے۔سرتاج عزیز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 29 جون 2016 15:28

ہندوستان مسئلہ کشمیر پر بات چیت سے بچنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29جون۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر پر بات چیت سے بچنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے گریز کر رہا ہے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ مذاکرات سے گریز نہیں کررہا اور اس سلسلے میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی منطق حقیقت پر مبنی نہیں۔

ہندوستانی وزیراعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ہندوستان دراصل مذاکرات سے فرار حاصل کررہا ہے کیونکہ اسے معلوم ہے کہ مذاکراتی میز پر اسے مسئلہ کشمیر اور دوسرے امور پر بات چیت کرنا پڑے گی۔سرتاج عزیز نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کا ایک جامع طریق کار ہے جو دونوں طرف کے عوام کے ایک دوسرے سے روابط، ویزے اور ماہی گیروں کے معاملات، تجارتی اور اقتصادی تعاون، کشمیر، سیاچن اور سرکریک جیسے مسائل پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج سیاچن میں ایک فریق ہے اور پچھلی مرتبہ جب دونوں حکومتوں کے درمیان معاہدہ طے پایا تو ہندوستانی فوج نے اسے مسترد کردیا تھا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کے ساتھ شہری روابط، ویزا، ماہی گیروں کے مسائل، تجارت، معاشی تعاون، کشمیر، سیاچن اور سر کریک کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کے لیے جامع اور مرکب مذاکرات کی شکل موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے سیاچن میں مفادات ہیں اور گذشتہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاچن کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا تھا لیکن بھارتی فوج نے اسے مسترد کر دیا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اس سے پہلے بھی بھارت کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو شامل کیے بغیر کوئی بھی مذاکراتی ایجنڈا مکمل نہیں سمجھا جا سکتا۔