پاکستان نے بحیرہ چین تائیوان او ر تبت پر چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کردیا

بدھ 29 جون 2016 15:25

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک کے جنوبی بحیرہ چین کے تنازعے پر چین کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہیگ کی عالمی عدالت کو چین کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھانے کا کوئی اختیار حاصل نہیں ، چین کو اس مسئلے پر دنیا بھر میں وسیع حمایت حاصل ہے ، پاکستان کے صدر ممنون حسین نے بھی گذشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان جنوبی بحیرہ چین ، تائیوان اور تبت کے مسئلے پر چین کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، صدر پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر تاشقند میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک ملاقات میں پاکستانی موقف کے بارے میں بیان دیا تھا ۔

یہ بات پاکستانی سفارتخانہ کے ایک سینئر اہلکار نے یہاں بات چیت کرتے ہوئے کہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفارت کار کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ علاقے کے تمام ممالک جنوبی بحیرہ چین کے بارے میں چینی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں جبکہ پاکستان چینی خود مختاری کو اپنا مسئلہ تصورکرتا ہے کیونکہ دونوں ممالک اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، پاکستان کا تائیوان اور تبت کے بارے میں ہمیشہ سے وہی موقف ہے جو چین کا اپنا موقف ہے ، پاکستان چین کی سلامتی و خودمختاری کو اپنی سلامتی اور خود مختاری تصور کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :