وزیراعظم نے افغان مہاجرین کے قیام میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دیدی،نوٹیفکیشن جاری

بدھ 29 جون 2016 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دیدی جس کے بعد افغان مہاجرین کے 6 ماہ تک قیام کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت(آج)30جون کو ختم ہونا تھی جبکہ وفاق نے صوبوں کو ہدایت کی تھی کہ افغان مہاجرین سے متعلق نئی پالیسی طے ہو نے تک انہیں بلا جواز تنگ نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کی سمری وزارت سرحدی امور نے وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائی تھی جس کی وزیر اعظم آفس نے لندن میں رابطہ کر کے وزیراعظم نواز شریف سے منظوری لی اور اس سے متعلقہ وزارت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ذرائع کے مطابق وزارت سیفران کی طرف سے تمام صوبوں کو خط لکھا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی کہ افغان مہاجرین کے قیام سے متعلق نئی پالیسی آنے تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے، پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کا سلسلہ روکا جائے۔

صوبائی حکومتیں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو بھی ہدائت جاری کریں ۔خط میں کہا گیا کہ مہاجرین کے متعلق توسیع سے متعلق سمری کابینہ ڈویژن کے پاس زیر التواء ہے۔ وفاقی کابینہ کے فیصلے تک صوبے افغان مہاجرین کے خلاف ایکشن نہ لیں بلکہ کابینہ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ہائی کمشنر کی طرف سے پاکستان پر مہاجرین کے قیام کی توسیع کے لئے بھی شدید دباؤ ہے۔

دوسری طرف خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کے قیام میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ رجسٹرڈ افغان مہاجرین جن کو نادرا کی طرف سے پی او آر کارڈ جاری کئے گئے ہیں ان کی تعداد پندرہ لاکھ ہے۔ ان مہاجرین کے قیام میں توسیع کے حوالے سے نئی قومی پالیسی تشکیل دی جارہی ہے۔ (اح+ط س)

متعلقہ عنوان :