الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر سالانہ نظرثانی کے منصوبہ کی منظوری دیدی

بدھ 29 جون 2016 14:24

اسلام آباد ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون۔2016ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر سالانہ نظرثانی کے منصوبہ کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق یکم اگست سے 15 اگست تک کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کے نام فہرستوں میں شامل جبکہ وفات پا جانے والے یا شہریت ترک کرنے والے ووٹروں کے نام فہرست سے خارج کر دیئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹروں کے گھر گھر جا کر انتخابی فہرستوں کی تصدیق کرے گا جبکہ توقع ہے کہ ووٹروں کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 30 لاکھ سے بڑھ کر 9 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ یکم سے 15 اگست تک گھر گھر تصدیق کے بعد 21 اگست تک یہ فہرستیں مختلف جگہوں پر آویزاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کا عملہ نئے قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کے مستقل پتوں کا دورہ کر کے ان کی تصدیق کریں گے۔

اس تصدیق کے بعد یہ فہرستیں مختلف ڈسپلے مراکز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفاتر، رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں آویزاں کی جائیں گی تاکہ عوام یہاں اپنے ووٹوں کا جائزہ لے سکیں۔ ڈسپلے مراکز کی تفصیلات میڈیا یا الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر جلد جاری کر دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کی آگاہی کے لئے وسیع پیمانے پر میڈیا مہم بھی شروع کی جائے گی جبکہ 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی موبائل فون سے اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات لی جا سکیں گی۔

اسی دوران ووٹ کے اندراج، منتقلی، درستگی یا اخراج کے لئے مخصوص فارم پر درخواست جمع کرائی جا سکے گی۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنرز، ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، نادرا اور تمام متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ سالانہ نظرثانی کے اس منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :