بجلی کے بلوں پر پی ٹی وی کی فیس وصولی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت20 ستمبر تک ملتوی

بدھ 29 جون 2016 14:15

لاہور۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں پر پی ٹی وی کی فیس وصولی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بیس ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار شیراز ذکاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون ہی موجود نہیں جس کے تحت پی ٹی وی بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصول کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی غیر قانونی طور پر فی گھرانہ 35 روپے فیس وصول کر رہا ہے۔پی ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی 1970کے ٹیلی گراف اینڈ وائرلیس ایکٹ کے تحت ٹی وی کی فیس وصول کرنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ پی ٹی وی دیکھنے کی فیس نہیں بلکہ اینٹینا کے ذریعے کنیکٹ ہونے والے ٹی وی کی مد میں وصول کی جاتی ہے۔قانون کے تحت یہ ٹی وی کی لائسنس فیس ہے جو پی ٹی وی وصول کر رہا ہے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 1970میں نہ تو نجی چینلز موجود تھے،،نہ ہی موبائل،،لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ موجود تھے ،عدالت اس بات کا جائزہ لینے کا اختیار رکھتی ہے کہ 1970ء کے پرانے قوانین کا 2006 ء میں اطلاق کیا جا سکتا ہے یا نہیں،،عدالت نے کہاکہ پرانے قوانین کو جدید دور کے نئے قوانین سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے،صرف ٹی وی پہ فیس کی وصولی امتیازی سلوک کے مترادف ہے ،جس قانون کے تحت ٹی وی کی فیس وصول کی جا رہی ہے اسی قانون کے تحت لیپ ٹاپ،آئی پیڈ اور موبائل پر فیس کا اطلاق کیوں نہیں کیا گیا۔نجی چینلز کی موجودگی میں صرف پی ٹی وی کس حیثیت سے فیس وصول کر رہا ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت بیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :