تحریک طالبان پاکستان کے 13 خود کش بمبارافغانستان سے پاکستان میں داخل

بدھ 29 جون 2016 13:58

تحریک طالبان پاکستان کے 13 خود کش بمبارافغانستان سے پاکستان میں داخل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) تحریک طالبان پاکستان کے 13 خود کش بمبارافغانستان سے پاکستان میں داخل ہو گئے ہیں جس کے بعد وفاقی حکومت نے دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر چاروں صوبوں کو سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر نے کی ہدایت کی ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے چاروں صوبوں کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ طالبان کی جانب سے ملک بھرمیں تعلیمی اداروں اورحساس تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس اورڈی جی رینجرزکوایک خط کے ذریعے صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے 13 خود کش بمبارافغانستان سے پاکستان میں داخل ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی قیادت تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈرز عمر نارے اورابوظفرکررہے ہیں ۔دہشت گردوں کے حملے پشاور کی کارخانو مارکیٹ اور چارسدہ یونیورسٹی کے حملوں سے بھی زیادہ خطرناک ہوں گے ۔ان اطلاعات کے پیش نظرقانون نافذ کرنے والے اداروں کو سول اور فوجی تعلیمی اور تربیتی اداروں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے کا تدارک کیاجا سکے ۔

اس کے علاوہ دیگر ممکنہ اہداف مثلاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مراکز،حساس تنصیبات، ایئرپورٹس، ایئربیس اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی بھی سخت کردی جانی چاہیے۔آئی جی سندھ پولیس اورڈی جی رینجرز سندھ سے کہا گیا ہے کہ وہ سیکیورٹی کے ضروری اقدامات کریں اورنگرانی کوسخت کریں۔