حکومت جرائم کی روک تھام کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا جلد آغاز کرے گی ‘ انجینئر بلیغ الرحمن

بدھ 29 جون 2016 13:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء)وزیرمملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت جرائم کی روک تھام کے لئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا جلد آغاز کرے گی۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے جولائی سے ایس ایم ایس سروس کا اجراء کیا جائے گا جس کے ذریعے ہر ایک خاندان کے ارکان کی نادرا سے تصدیق کی جاسکے گی۔

انھوں نے کہا کہ کسی عسکری تنظیم کو کسی دوسرے نام کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو اس کا سہولت کار بننے نہیں دیا جائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو دہشتگردی زور پر تھی تاہم آج حکومت کے موثر اقدامات اور ہمارے اداروں کی محنت سے پہلے سے حالات کافی بہتر ہیں اور دہشتگرد راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک آدھ واقعہ جو ہو رہا ہے حکومت اسے بھی روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور پہلے کی نسبت زیادہ مستعدی سے اپنا کام سرانجام دے رہی ہے۔ عوامی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان پر بھی پوری طرح عمل کیا جا رہا ہے اور دہشتگردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پولیس سمیت اپنے دیگر سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو بھی بہتر بنا رہے ہیں اور انہیں جدید ہتھیار بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بلیغ الرحمان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی، فاٹا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کیلئے کوشاں ہے جس کے بہتر نتائج بھی حاصل ہو رہے ہیں۔