روم نے 2800سال بعد خاتون کو مئیر منتخب کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 29 جون 2016 13:18

روم نے 2800سال بعد خاتون کو مئیر منتخب کر لیا

اٹلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 جون 2016ء):روم نے 2800سال بعد ایک خاتون کو مئیر منتخب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 37سال کی عمر میں ورجینیا راغی نامی وکیل نے دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک شہر روم کی باگ دوڑ سنبھالنے کی ذمہ داری اٹھا لی ہے ، یہی نہیں بلکہ ورجینیا نے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔راغی اٹلی کی معروف سیاسی جماعت کا بھی حصہ ہیں۔

غیر ملکی اخبار کے مطابق راغی جو کہ آئندہ ماہ38سال کی ہو جائیں گی ، روم کی تاریخ کی کم عمر ترین خاتون مئیر ہوں گی۔

(جاری ہے)

بطور وکیل راغی کو کاپی رائٹ اور ٹیکنالوجی کے قوانین میں مہارت حاصل ہے۔ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ راغی نہایت پر عزم خاتون ہیں۔راغی کی شادی ایک ریڈیو ڈائریکٹر اندریا سیورینی سے ہوئی جنہوں نے راغی کو فائیو سٹار موومنٹ (سیاسی جماعت) سے مبینہ طور پر متعارف کروایا تھا ، علاوہ ازیں راغی کا ایک ساتھ سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام میٹیو ہے۔ راغی کا کہنا ہے کہ سب سے پہلی چیزجو میں کہنا چاہوں گی وہ یہ ہے کہ’ بالآخر روم کو ایک خاتون مئیر مل گئی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب یکساں حقوق محض ایک داستان بن کر رہ گئے ہیں، یہ فتح غیر معمولی ہے۔