مدینہ منورہ: پولیس نے جادو ٹونہ کے شبے میں چار غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا

بدھ 29 جون 2016 11:39

مدینہ منورہ: پولیس نے جادو ٹونہ کے شبے میں چار غیرملکیوں کو گرفتار کر ..

مدینہ منورہ:(اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جون 2016ء): مدینہ منورہ کی پولیس نے جادو سے رقم دوگنی کرنے کا لالچ دے کر لوٹنے والے گروہ کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ پولیس نے ایک چار رکنی غیر ملکی گروہ کو گرفتار کیا ہے ،جو سادہ لوح غیر ملکی افراد کو جادو کے ذریعے رقم دوگنا کرنے کا لالچ دے کر لوٹ رہے تھے۔ گرفتار افراد میں ایک ایشائی خاتون بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان اپنے شکار کو کوئی خاص عمل کرنے کے چکر میں خفیہ جگہ پر بلاتے اور عمل کے دوران اس کی نقدی ، بٹوہ اور باقی چیزیں چرا لیتے تھے۔ پولیس چیف میجر جنرل عبداللہ ہادی الشہرانی نے کہاہے کہ سزا مکمل ہونے پر ان تمام افراد کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ میں معمول کے مطابق غیر قانونی افراد کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر غیر قانونی شہری ہی جادو ٹونہ کرنے کے حرام کاروبار میں ملوث پائے جاتے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق مملکت سعودی عرب میں زیادہ تر غیر ملکی افراد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔