ٹیلی نار نے حکومت کیخلاف غیر منصفانہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر عدالت میں کیس دائر کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 29 جون 2016 00:24

ٹیلی نار  نے حکومت کیخلاف غیر منصفانہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر عدالت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 جون ۔2016ء)ٹیلی نار نے حکومت کیخلاف غیر منصفانہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر عدالت میں کیس دائر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار کی جانب سے وفاقی حکومت، ایف بی آر اور پی ٹی اے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کیس دائر کیا گیا ہے۔ کیس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے غیر منصفانہ ود ہولڈنگ ٹیکس حاصل کرنے کیلئے دباو ڈالا جا رہا ہے۔

ٹیلی نار کی جانب سے کچھ روز قبل 850 میگا ہارٹس کے 3جی۔4جی لائسنس کو خریدا گیا تھا۔ ٹیلی نار نے اس لائسنس کو 395 ملین ڈالر کے عوض خریدا۔ تاہم حکومت کی جانب سے ٹیلی نار کو مزید 39.5 ملیں ڈالر ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں جمع کروانے کا کہا گیا اور ٹیکس ادا نہ کرنے تک لائسنس نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس پر کمپنی کی جانب سے شدید احتجاج کرتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ تب ہوتا ہے جب کسی سروس کی فروخت کرکے اس سے منافع کمایا جائے۔ تاہم ابھی تو کمپنی نے اپنی نئی سروس کا آغاز ہی نہیں کیا تو ان پر اس ٹیکس کا نفاذ کیسے ممکمن ہے؟۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اس معاملے پر اپنا موقف پیش کرنے کیلءے ایف بی آر کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔