پونا فقیراں سے ٹھیکیدار نے پانی کی سپلائی بند کر کے سیکٹر آئی ٹین ،آئی نائن اور آئی ایٹ کے رہائشیوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں

رہائشیوں کا وزیر مملکت برائے کیڈ اورمیئر اسلام آباد سے ٹھیکیدار کے خلاف فوراً قانونی کارروائی کا مطالبہ

منگل 28 جون 2016 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) اسلام آباد کے سیکٹرز آئی ٹین، آئی نائن اور آئی ایٹ کے رہائشیوں کو گزشتہ تین ہفتوں سے پانی کی شدید قلت کا سا مناہے ۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے مذکورہ بالا سیکٹروں میں پانی کی سپلائی کا ٹھیکہ نصیر خان نامی شخص کو دے رکھا ہے ۔ ٹھیکیدار نصیر نے پانی سپلائی کرنے کے لئے پونا فقیراں ،چک شہزاد میں تقریباً15ٹیوب ویل لگا رکھے ہیں لیکن ٹیوب ویلز کی اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود ٹھیکیدار اور سی ڈی اے کی رمضان المبارک میں عوام کے ساتھ جس بے حسی کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اس نے تو واقعہ کربلا کی یاد تازہ کر دی ہے ۔

مئی جون کی گرمی اور پھر اوپر سے رمضان المبارک میں خاص کر سیکٹر آئی ٹین کے رہائشی ذلیل و رسوا ہو کررہ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیکٹر آئی ٹین کے رہائشیوں نے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،مئیر اور ڈپٹی میئر اسلام آباداور چیئر مین سی ڈی اے سے اپیل کی ہے کہ ٹھیکیدار نصیر کا مذکورہ بالاسیکٹروں کو پانی کی سپلائی کا ٹھیکہ فوری طور پر منسوخ کر کے ٹیوب ویلوں کا کنٹرول میئر اسلام آباد اپنے ہاتھ میں لیں اور پانی سپلائی نہ کرنے پر ٹھیکیدار نصیر کے خلاف حساس اداروں سے انکوائری کرائی جائے کہ اس نے اسلام آباد کے رہائشیوں کو پانی جیسے بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا ہے کیونکہ جو انسان عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کا دشمن ہے وہ ریاست کا دشمن ہے اور ریاست کے دشمن کوریاستی قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :