چین کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

چین کے سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں سٹیل، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں اظہار دلچسپی چین کے سرمایہ کار چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں بڑھ چڑھ کر سرمایہ کاری کریں، شیخ پرویز احمد

منگل 28 جون 2016 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) چین کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں سٹیل، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد میں چین کی زونرجی کمپنی لمیٹڈ اور حیبی ویلانگ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ گروپ سمیت دیگر کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔

وفد نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے چین کے سرمایہ کار پاکستان میں کافی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ زونرجی کمپنی لمیٹڈ چین کی ایک اعلیٰ ٹیکنالوجی والی ایک بڑی کمپنی ہے جو شمسی توانائی، بائیو انرجی اور انرجی سیونگ سمیت توانائی کے مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے کا عمدہ تجربہ رکھتی ہے اور اب وہ پاکستان میں توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

حیبی ویلانگ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ گروپ بھی چین کی ایک بہت بڑی کمپنی ہے جو 10 کلاسز میں تقریبا ایک سو قسم کی بائی سائیکلیں بنانے کا تجربہ رکھتی ہے۔ اس کی بنی ہوئی بائی سائیکلیں یورپ، امریکہ، آسٹریلیا، مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیاء سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو ایکسپورٹ کی جاتی ہیں۔ کمپنی اب پاکستان میں بائی سائیکلیں تیار کرنے کا پلانٹ لگانے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر شیخ پرویز احمد نے چین کے وفد کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار اس تاریخی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں تا کہ یہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی، تعمیرات، سٹیل، ماربل، انفراسٹریکچر کی ترقی، معدنیات، انجینئرنگ ، تیل و گیس کی تلاش اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے براہ راست سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد سے چین کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے پاس اعلیٰ فنی مہارت اور ایڈوانس ٹیکنالوجی پائی جاتی ہے جبکہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کر رہا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار ان پرکشش مراعات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں ۔