نندی پور پراجیکٹ کی اضافی لاگت عوام سے وصول کرنا تشویشناک ہے،گڈگورننس کے دعویدار کاغذی اور عوام دشمن پالیسیوں پر عملدرآمدکررہے ہیں،کالاباغ ڈیم سے سستی ترین بجلی اور روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کا بیان

منگل 28 جون 2016 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے نندی پور پاور پلانٹ کی تکمیل کے لئے23ارب روپے کی اضافی لاگت عوام سے وصول کرنے کی خبروں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ نیپرا نے حکومت کے دباؤمیں آکر مہنگے ترین پراجیکٹ کی لاگت بڑھانے کی منظوری کرلی ہے۔اس منصوبے کی مختص رقم 42ارب روپے سے65ارب ہوجانے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔گڈگورننس کے دعوے دار کاغذی منصوبوں اور عوام دشمن فیصلوں پر عمل درآمد کررہے ہیں۔نندی پور منصوبے کی تعمیر میں تاخیر کابوجھ بجلی صارفین سے وصول کرناسراسر زیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف رمضان المبارک میں بھی عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسامنا ہے تودوسری جانب حکومت کے عاقبت نااندیش فیصلے عوام کے لئے مسلسل سردرد بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور سمیت پورے صوبے میں بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام ہر جگہ سراپا احتجاج ہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ 2018میں بھی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوتانظر نہیں آتا۔عوام کو طفل تسلیوں سے بہکانے والے آئندہ انتخابات میں اپنے انجام کو مت بھولیں۔توانائی بحران کے حل کے لئے ضروری ہے کہ کالاباغ ڈیم سمیت تمام دیگر چھوٹے بڑے پانی کے ذخیرے قائم کیے جائیں۔

ان کی تعمیر سے جہاں ایک طرف سستی ترین بجلی میسر ہوگی وہاں لاکھوں ایکڑ زمین سیراب اور روزگار کے نئے موقع بھی پیداہوں گے۔اس حوالے سے حکومت کو چاہئے کہ وہ ہنگامی اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے لیے مستقل اور دیرپااقدامات کرنے ہوں گے۔