رائل پام سیل توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ‘آئی جی اور سیکرٹری ریلوے12جولائی کوطلب

منگل 28 جون 2016 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) سول کورٹ سے حکم امتناعی جاری ہونے کے باوجود رائل پام سیل کرنے کا معاملہ جی ایم رائل پام اور ملازمین کی طرف سے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی‘ عدالت نے وزیر ریلوے ، آئی جی ریلوے اور سیکرٹری ریلوے کو12 جولائی کو جواب کیلئے طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

منگل کے روزسول جج ندیم احمد کی عدالت میں رائل پام اور ریلوے کا کیس زیر سماعت ہے جس میں عدالت نے حکم امتناعی جاری کر رکھا تھا کہ اٹھائیس جون تک رائل پام پر قبضہ نہ کیا جائے لیکن حکم امتناعی کے باوجود ریلوے کی طرف سے چوبیس جون کو رائل پام پر قبضہ کرکے ملازمین کو نکال دیا رائل پام کے سینکڑوں ملازمین ، رائل پام کے مالک رمضان شیخ‘جی ایم عمر میر کے ہمراہ سول عدالت پہنچ گئے جہاں انہوں نے ریلوے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی عدالت میں رائل پام کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ حکم امتناعی کے باوجود رائل پام پر قبضہ غیر قانونی اقدام ہے ان کا کیس پہلے سے عدالت میں چل رہا ہے لہذا ریلوے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ۔

عدالت نے وزیر ریلوے ، آئی جی ریلوے اور سیکرٹری ریلوے کو بارہ جولائی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب کے لیے طلب کر لیا۔