پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کو صحیح معنوں میں علم و دانش کا گہوارہ ہونا چاہیے،اسے ایسا منفرادادارہ بنایا جائے جس کااسلامی تعلیمات کے فروغ اور ترویج میں کوئی ثانی نہ ہو، ادارہ نبی ؐ پاک کے اسوہ حسنہ اور قرآن کی تعلیم و تحقیق کے حوالے سے بین الاقوامی سہولتوں کا حامل ہوگا،اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت،کمیٹی ایگز یکٹو ڈائریکٹر اوردیگر آسامیوں کیلئے افراد کے چناؤ کیلئے ضروری شرائط طے کریگی،ادارے کی مختلف کمیٹیوں کیلئے بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کا انتخاب کیا جائے

وزیراعلیٰ شہبازشریف کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب

منگل 28 جون 2016 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کا پہلااجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکو ایسا منفرد ادارہ بنایا جائے جس کااسلامی تعلیمات کے فروغ اور ترویج میں کوئی ثانی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کو صحیح معنوں میں علم و دانش کا گہوارہ ہونا چاہیے۔ادارے کیلئے ایسے افراد کا انتخاب کیا جائے جو علم و فراست میں اپنی مثال آپ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکا قیام سیرت النبیؐ اورقرآن پاک کی تعلیمات کے فروغ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ادارہ نبی ؐ پاک کے اسوہ حسنہ اور قرآن کی تعلیم و تحقیق کے حوالے سے بین الاقوامی سہولتوں کا حامل ہوگا۔

ادارے میں تحقیق اور پبلیکیشن پربھر پور توجہ دی جائے گی۔ادارے کو ڈیجیٹل نظام کے تحت چلایا جائے گاجو سو فیصد آئی ٹی بیسڈ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اوردیگر امور کیلئے جسٹس(ر) خلیل الرحمان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کمیٹیوں کیلئے بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کا انتخاب کیا جائے اوران کمیٹیوں کیلئے مارکیٹ سے ایسے افراد کا انتخاب کیا جائے جو اپنے اپنے شعبوں مہارت رکھتے ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ اعلی سطح کی کمیٹی کی ایگز یکٹو ڈائریکٹر اوردیگر آسامیوں کیلئے افراد کے چناؤ کیلئے ضروری شرائط طے کرے گی۔صوبائی وزیر اوقاف عطامانیکا، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے وائس چیئرمین دوئم جسٹس (ر) خلیل الرحمان، ایم پی اے بیگم نبیرہ عندلیب،چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب مولانا غلام محمد سیالوی،ریاض حسین نجفی،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ،چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب اور بورڈ آ ف ڈائریکٹر کے دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :