پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل

چیف سیکرٹری کی صوبے کے تمام برساتی نالوں میں سیلاب کی صورت میں بچاؤ کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت

منگل 28 جون 2016 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) صوبائی کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب کے چیئرمین و صوبائی وزیر زکوۃ اور عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پنجاب میں مون سون کی آمد اور معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے تناظر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ،بالخصوص محکمہ آبپاشی ،لائیو سٹاک ، ہاؤسنگ ، زراعت ،صحت،سول ڈیفنس ،آرمی اور پولیس کی ذمہ داریوں اور فرائض کا تعین کر دیا گیا ہے ،سیلاب کی زد میں آنے والے اضلاع کے ڈی سی اوز اور کمشنرز سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لے کر عوام کی جان و مال کی قدرتی آفات سے حفاظت یقینی بنائیں،اضلاع میں سیلاب کے مثاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے،صوبائی اور ضلعی سطح پر پی ڈی ایم اے کے پاس مشینری اور ریلیف کا سامان ادارے کے ویئر ہاؤسیز میں مناسب تعداد میں سٹور کر لیا جائے -ان خیالات کا انہوں نے سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کے جائزے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہدسعید نے محکمہ اریگیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ تمام دریاؤں ، ندی نالوں کے پشتوں کو مضبوط بنانے کا کام جلداز جلد مکمل کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2014 اور 2010 کے سیلاب کے تناظر میں ان تمام مقامات کی نشاندہی کی جائے جو دریاؤں اور رودکوہیوں میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہو سکتے ہیں۔اجلاس میں ایسے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کی تفصیل بتائی جنہیں دریاؤں اور ندی نالوں کی طغیانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔چیف سیکرٹری نے ضلع نارروال اور سیالکوٹ کے برساتی نالوں ایک، ڈیک ،بسنتر،بئین اور پلکھو میں سیلاب کی صورت میں بچاؤ کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت فرخ جاوید ،سیکرٹری آبپاشی ،ڈی جی پی ڈی ایم اے خالد شیر دل کے علاوہ محکمہ ہاؤسنگ لائیو سٹاک، زراعت ،پولیس، سول ڈیفنس ، موسمیات اور ریسکیو 1122کے نمائندوں نے شرکت کی -ویڈیو لنک پر مختلف اضلاع کے ڈی سی اوزنے بھی اجلاس کے شرکاء کو اپنے اضلاع میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کی گئی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے خالد شیر دل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے کے آفسز کو ریسکیو اور ریلیف کا تمام سامان اپ ڈیٹ کرنے اور مشینری کی کمی دور کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹینٹ ،کمبل،خیمے،فوڈ ہمیپرز،ڈی واٹرنگ مشینیں،واٹر فلٹریشن پلانٹس،بلڈوزرز،کشتیوں او لائف جیکٹس کی مطلوبہ تعداد اضلا ع کو فراہم کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرالوجسٹ محمد حنیف نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال مون سون کی بارشیں معمول سے10 سے 20 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔محمد حنیف نے آئندہ 15دنوں کے حوالے سے موسمی صورتحال کے بارے میں بھی شرکاء کو بریفنگ کیا۔

متعلقہ عنوان :