گڑھی شاہو پل کی مضبوطی میں اضافے اور اپروچ روڈز کی کشادگی کا منصوبہ

جائزہ کمیٹی کے سربراہ شمائل احمد خواجہ نے 200ملین روپے لاگت کاترمیمی منصوبہ ازسر نو تشکیل دینے کی ہدایت کر دی

منگل 28 جون 2016 21:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) علامہ اقبا ل روڈ لاہور اور جی ٹی روڈ لاہور جیسی مصروف ترین شاہراہوں کو آپس میں ملانے والے قدیم ’’گڑھی شاہوپل ‘‘ کی سٹرکچرل مضبوطی کے تعین اور را ئڈنگ کوالٹی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی تشکیل کردہ جائزہ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا -کمشنر لاہور ڈویثرن عبداﷲ خان سنبل ،ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان ،چیف انجینئرنیسپاک اظہر مسعود ، ڈویثرنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ،کمیونی کیشن اینڈورکس پنجاب ،فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونی ڈویلپمنٹ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز کے علاوہ ایل ڈی اے کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمیٹی کے مستقل کنوینر خواجہ احمد حسان عمرہ کی ادائیگی پر روانگی کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کرسکے - ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے چیف انجینئر نیسپاک کی جانب سے دی گئی تکنیکی بریفنگ کا بغور جائزہ لینے کے بعد کمیٹی کے دیگر ارکان کے اتفاق رائے سے وزیر اعلی پنجاب کو یہ سفارشات بھیجوائی ہیں کہ800میٹر طویل گڑھی شاہو پل اگرچہ اپنے سٹرکچر کے حوالے سے تسلی بخش طور پر’’مضبوط‘‘(STABLE) ہے لیکن پل کی رائڈنگ کوالٹی مزید بہتر بنانے کے لئے پل پر بچھایاگیا تمام اسفالٹ اکھاڑ کر پل کے 8مقامات پر ’’ ایکس پنشن جوائنٹس‘‘تبدیل کر دیئے جائیں اور پل پر نئے اسفالٹ کی کارپیٹنگ کر دی جائے تاکہ موٹر سائیکلز اور موٹر کاریں پل سے گزرتے ہوئے جھٹکے نہ کھائیں -اس کام پر 25ملین روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ گڑھی شاہو پل کے دونوں اطراف اپروچ روڈز کو کشادہ کرنے کی تجویز بھی منظوری کے لئے وزیر اعلی پنجاب کو بھیجوائی جا رہی ہے جس پر ممکنہ لاگت کا تخمینہ 175 ملین روپے لگایا گیا ہے -اس طرح 1.3کلو میٹر لمبائی پر مشتمل گڑھی شاہو چوک سے جی ٹی روڈ لاہور تک ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اس منصوبے کی ممکنہ لاگت کا تخمینہ 200ملین روپے ہو جائے گا -اجلاس میں گڑھی شاہو پل کی تعمیر نو کے ایک اور منصوبے کی تفصیلات کا جائزہ بھی لیا گیاجس کی ممکنہ لاگت کا تخمینہ 685ملین روپے بنتا ہے -ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے نیسپاک کے ماہرین کو ہدایت کی کہ تخمینے اور منصوبے کے ڈیزائن کو از سرنو ترتیب دے کر اسے 200ملین روپے کی مجموعی لاگت میں مکمل کرنے کا ایسا منصوبہ تیار کیا جائے جو اپنی افادیت کے لحاظ سے عوام کو زیادہ بہتر سہولت فراہم کر سکے اور دوران تعمیر متبادل راستوں پر ٹریفک کے آسانی کے ساتھ گزرنے کا بندوبست کرنے کا موثر پلان بھی تیار کیا جائے -اس منصوبے کی حتمی منظوری کی صورت میں فنڈنگ کا انتظام وزیر اعلی پنجاب اپنے سپیشل پیکیج سے کریں گے -

متعلقہ عنوان :