لیگی کارکن اور عوام الیکشن میں دھاندلی کی تمام کوششوں اور منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے ٗآصف کرمانی

عوام بدعنوان اور کرپٹ عناصر کے خلاف مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیں‘ معاون خصوصی کا خطاب وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، آزاد کشمیر میں بھی (ن) لیگ کی حکومت کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہو گی

منگل 28 جون 2016 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ لیگی کارکن اور عوام الیکشن میں دھاندلی کی تمام کوششوں اور منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے، عوام بدعنوان اور کرپٹ عناصر کے خلاف مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیں۔ منگل کو پنجاب ہاؤس میں ایل اے 11 چڑھوئی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں راجہ ریاست خان، راجہ منور، راجہ مشتاق خان، ایل اے 1 ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے امیداوار چوہدری مسعود خالد، ٹکٹ کے امیدوار علی زمان راجہ، شعیب عابد، راجہ مظہر اقبال، راجہ عزیز کیانی اور مظفر آباد سے پی ٹی آئی سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے چوہدری شفقت، عبدالخالق وصی اور ملک ذوالفقار سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ ٹکٹوں کے اعلان سے پہلے تمام 230 درخواست گزاروں سے وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات طے تھی، اس کے بعد ٹکٹ جاری کرنے تھے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی خرابی صحت کے باعث اس خواہش کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جاسکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی قیادت سے مشاورت کرکے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا، بورڈ کی سفارشات وزیراعظم نواز شریف کو لندن بھجوائی گئیں ٗ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے اپنا کام انتہائی نیک نیتی سے سرانجام دیا‘ گذشتہ 6 ماہ سے آزاد کشمیر جا رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کے ورکر ہونے کے ناطے جو پیار ملا وہ ناقابل فراموش ہے ٗڈاکٹر کرمانی نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، آزاد کشمیر میں بھی (ن) لیگ کی حکومت کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہو گی۔

آصف کرمانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پسماندگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، ہم نے اس پسماندگی کے ذمہ داروں کو شکست دینا ہے۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان اور کرپٹ عناصر کے خلاف مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے اقدامات دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ 2018ء میں بھی پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہی ہم سب کی جیت ہے۔ انہوں نے عبدالخالق وصی اور ذوالفقار ملک کی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کیلئے خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈڈیال، چڑھوئی اور لچھراٹ سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے امیدواروں نے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے اور جماعتی قیادت کے ٹکٹوں کے فیصلہ پر من و عن عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔