صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی نئی ویب سائیٹ کا افتتاح کردیا

منگل 28 جون 2016 21:18

اسلام آباد ۔ 28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون ۔2016ء)صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی نئی ویب سائیٹ اور اوپن جرنل سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جامعہ کے نائب صدر برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر محمد منیر اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر محمد ضیأ الحق بھی تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الدریویش نے ادارہ تحقیق اسلامی کی علم اور تحقیقی سرگرمیوں کو سراہااور ادارہ کے تزین و آرائش پر کی جانے والی کوششوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا حالیہ دو سالوں میں ادارہ کی ترقی اور تزین نو کے سلسلے میں کئے گئے تمام اقدامات قابل ذکر ہیں۔ صدر جامعہ نے کہا کہ آئی آر آئی پریس، تاریخی گیلری کا قیام ، تحقیقی مرکز کے علاوہ تربیتی پروگراموں کے انعقاد ادارہ کے قابل ذکر اقدامات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ اپنے بنیادی مقاصد کے حصول کی جانب تیزی سے گامز ن ہے۔ اس موقع پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیأ الحق نے ادارے کی جدت اور دیگر تعمیری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا نئی ویب سائیٹ ادارے کی تمام نئی معلومات سمیت آئی آر آئی کی مطبوعات ، تحقیقی مجلات، ڈاکٹر حمید اللہ لائبریری سمیت تمام نئے جزئیات سے مزین ہے۔ قبل ازیں پرنسپل لائبریرین ڈاکٹر ساجد مرزا نے اوپن جرنل سسٹم پر شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نظام تقریباً 32 ہزار مجلات میں استعمال ہو رہا ہے۔