Live Updates

مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی قائدین کی نا اہلی کی پٹیشن پر قانونی مشاورت کر رہی ہے ، آرٹیکل 62اور 63 کے تحت وزیراعظم پر کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکتا،و زیر اعظم کے خلاف پٹیشنز دائر کرنے والے خود اپنے کھودے گڑھے میں گر جائیں گے، ہم شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر مارنے والوں کو آئینہ دکھائیں گے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 28 جون 2016 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62اور 63 کے تحت وزیراعظم پر کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکتا،مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی قائدین کی نا اہلی کی پٹیشن پر قانونی مشاورت کر رہے ہیں ، ،پارٹی اجتماعی طور پر سیاسی فیصلہ کرے گی، اپوزیشن کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات میں کوئی وزن نہیں ، وزیر اعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشنز دائر کرنے والے خود اپنے کھودے گڑھے میں گر جائیں گے،مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی بھی شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر مارنے والوں کو آئینہ دکھانے پر غور کر رہے ہیں۔

وہ منگل کونجی ٹی وی چینل سے گفتگو کررہے تھے ۔اس دوران وزیراطلاعات نے کہا کہ دو جماعتوں نے الگ الگ سے الیکشن کمیشن میں پٹیشنز دائر کر رکھی ہیں، تاہم جب آرٹیکل 62اور 63 کی بات ہو گی تو نواز شریف تو بالکل صاف ہیں، ان پر کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان پر اپوزیشن کی جانب سے عائد کئے جانے والے کسی الزام میں کوئی وزن ہے اور اس حوالے سے عدالتوں جے فیصلے بھی موجود ہیں لیکن جو پٹیشنرز ہیں ان پر عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں بلکہ بین الاقوامی عدالتوں کے فیصلے بھی موجود ہیں لہٰذا آرٹیکل 62 اور 63 کی زد میں وہ لوگ آ سکتے ہیں انہیں اس کا انتظار کرنا چاہیے، انگلی دوسروں پر اٹھائی ہے اور انگلی کی زد میں وہ خود آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی بھی پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی قائدین کی نا اہلی کی پٹیشن پر قانونی مشاورت کر رہے ہیں، تاہم سیاسی فیصلہ پارٹی اجتماعی طور پر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں بھی یہ خواہش موجود ہے کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر جو دوسروں کو پتھر مار رہے ہیں ان کو آئینہ دکھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر کے حوالے سے خورشید شاہ نے اپوزیشن سے مشاورت کا وعدہ کیا ہے، اپوزیشن لیڈر مشاورت کے بعد جواب دیں گے، ان کی طرف سے تجاویز موصول ہوتے ہی ہم پیش رفت شروع کر دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات