میڈیا کے شعبہ میں تعلقات میں اضافہ سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ومستحکم ہونگے، سینیٹر پرویز رشید

پاکستان ایران کی مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور ورثہ ہے جو دونوں کو دوستی ،بھائی چارے کے تعلق میں جوڑے ہوئے ہے،وفاقی وزیر اطلاعات کی ایرانی سفیر سے گفتگو

منگل 28 جون 2016 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے ایک قریبی دوست تصور کرتا ہے، میڈیا کے شعبہ میں تعلقات میں اضافہ سے پاکستان اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود ٹھوس تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے، دونوں ممالک کی ایک مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور ورثہ ہے جو دونوں ممالک کو دوستی اور بھائی چارے کے تعلق میں جوڑے ہوئے ہے۔

منگل کو یہاں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعلقات میں اضافہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ٹھوس تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کے فروغ اور غلط فہمیوں کے خاتمہ کیلئے ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے تاکہ باہمی دلچسپی کے امور پر بہتر آگاہی فروغ پا سکے۔

سینیٹر پرویز رشید نے میڈیا کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ ملاقات کے دوران سینیٹر پرویز رشید اور ایران کے سفیر نے میڈیا، اطلاعات اور کلچر کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر اور ایرانی سفیر نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کیلئے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :