پاکستان کو اس کے مقصد وجود سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بڑی تحریک کی ضرورت ہے ،حافظ نعیم الرحمن

پاکستان کی نعمت 27رمضان المبارک کو عطا ہوئی جس کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دیں ، نسیم صدیقی کے گھر پر درس قرآن

منگل 28 جون 2016 20:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور اﷲ تعالی نے یہ نعمت 27رمضان المبارک کو عطا کی تھی ،جس کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دیں ۔ پاکستان کو اسکے مقصد وجود سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت بڑی تحریک برپا کرنے اور جدوجہد کرنے ضرورت ہے ،رمضان المبارک میں ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں جماعت اسلامی کراچی کے سابق سیکریٹری نسیم صدیقی کی رہائش گاہ پر درس قرآن دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ناظم حلقہ بلاک جے سعد گرامی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی صرف اسی میں ہے کہ اﷲ اور اس کے رسول ﷺکی اتباع اختیار کی جائے اور دین کو انفرادی اور اجتماعی معاملات میں پورے کا پورا نافذ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نیکی اور خیر کا کام کرنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن اچھے لوگ حکومت اور سیاست سے دور ہیں اسی لیے نیکی اور بھلائی کے مقابلے میں بدی اور منکرات کو پروان چڑھانے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نظر آتے ہیں ۔ فساد اور بگاڑ پیدا کرنے والے اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں اور اسی ٹولے کی وجہ سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے ،ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری اور غربت بڑھتی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کے اندر نیکیوں کے فروغ اور منکرات کے خاتمے کے لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور سیاست میں اچھے لوگ آئیں ،نیکی کی قوتیں مجتمع ہوں اور عوام کو جب بھی موقع ملے وہ ایسے لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو پاکستان کو اس کے مقصد وجود سے ہم آہنگ کرنے والے ہوں ،نیکیوں کو فروغ دینے اور بدی اور منکرات کوروکنے والے ہوں ۔

متعلقہ عنوان :