Live Updates

بھارت امریکہ کے ساتھ مل کر خطے کا تھانیدار بننے کے خواب دیکھ رہا ہے ‘ولید اقبال

حکمرانوں کا یوم حساب آ چکا ‘ قوم اس مرتبہ انہیں جدہ فرار نہیں ہونے دے گی ‘رہنما تحریک انصاف

منگل 28 جون 2016 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال نے کہا ہے کہ بھارت امریکہ کے ساتھ مل کر خطے کا تھانیدار بننے کے خواب دیکھ رہا ہے اور پاکستان کو معاشی اور سیاسی نقصان پہنچا رہا ہے ،متوقع بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے ہر سال کی طرح وہ اس مرتبہ پھر پاکستان کو ڈبوئے گا ، بھارت سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ ہمارے حکمران خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپنے بیان میں ولید اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں ٹرینیں 400کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ پاکستان میں 150کلو میٹر کی رفتار سے تجربے کیے جا رہے ہیں (ن) لیگ کے تجربوں اور تجربہ کار ٹیم نے ملک کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے ،سعد رفیق تجربے کرنے کی بجائے قوم کو یہ بتائیں کہ کروڑوں روپے کے اشتہارات چلانے کے باوجود ابھی تک بلٹ ٹرین نہیں چلی وہ اسے کب چلا ئیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے حکمران اور ان کے درباری جو مرضی کر لیں انہیں کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہو گا ، دوسروں پر الزام لگانے سے اپنے جرم کو چھپایا نہیں جا سکتا (ن) لیگ جو آج بو رہی ہے اسے کل کاٹنا پڑے گا ، حکمرانوں کا یوم حساب آ چکا ہے اور قوم اس مرتبہ انہیں جدہ فرار نہیں ہونے دے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات