امجد صابری کے قتل سے متعلق صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو نے وزیرداخلہ کو آگے کردیا

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 28 جون 2016 20:24

کراچی (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء ) معروف قوال شہید امجد صابری کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جب صحافی نے قتل کیس میں پیشرفت سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کو یہ کہہ کر آگے کردیا کہ جواب دو سندھ حکومت جواب دو۔

(جاری ہے)

امجد صابری کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران صحافی نے امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے کے اغوا کے بعد حکومتی ایکشن سے متعلق سوال پوچھا تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جواب دینے کے بجائے وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کو یہ کہہ کر آگے کردیا کہ سندھ حکومت جواب دو میں یہاں اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں اس لئے کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ امجد صابری کا قتل ہائی پروفائل کیس ہے جس کی 3 مختلف پہلووٴں سے تحقیقات کی جارہی ہے، ایک پہلو سیاسی، ایک کاروباری اور ایک فرقہ واریت ہے اور امید ہے کہ بہت جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں گے جس کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔