احتجاجی پروگرام اور حکومت کے خلاف الیکشن کمیشن میں جانا سمجھ سے بالا تر ہے، عابد شیر علی

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 28 جون 2016 20:20

اوکاڑ ہ (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء ) وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان وزیر اعظم نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ترقی و منزلت کے راستے پر رواں دواں ہے ،آئے دن رکاوٹیں، دھرنے ،احتجاجی پروگراموں کی ترتیب حکومت کے خلاف الیکشن کمیشن میں جانا میری سمجھ سے تو بالا تر ہے، معلوم نہیں کہ اپوزیشن کیا چاہتی ہے کیا وہ یہ دیکھنا نہیں چاہتی کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو،یہ برملا کہتا ہوں کہ اپوزیشن ایڑی چوٹی کا زور لگا لے مگر ہم اپنے ملک کی ترویج و ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، چاہے ہمیں کوئی بھی قیمت کیوں نہ اٹھانی پڑے۔

(جاری ہے)

وہ اوکاڑہ یوتھ ونگ کے عہدیداران سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا منشور صرف اور صرف ملک و ملکت کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ہمارا مقصد ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ، اندھیروں کو دور کرنا، بجلی ، گیس اور تعلیم ہر شہری کو پہنچانا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کا ہر شہری ملکی ترقی سے بلا تفریق فیضیاب ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہ پہلے اپوزیشن کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہوئے ہیں اور نہ اب ہوں گے ہم انشاء اللہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر کے ہی دم لیں گے۔