چند مخالفین ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں، عرفان دولتانہ

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 28 جون 2016 20:12

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء )پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اس وقت جب ترقی اور خوشحالی کی گاڑی پٹری پرچڑھ چکی ہے توچند مخالفین اس سفر کو روکنے کے درپے ہیں اور دھرنے کے ذریعے ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن دھرنا دینے والے پہلے اپنے گریبا ن میں جھانکیں، بات نکلی تو بہت دور تک جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ حیرت کی بات ہے کہ جو لوگ سر سے پاوٴں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں وہی احتساب کا نعرہ لگارہے ہیں،ان لوگوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔جنہوں نے اس ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے اورقومی دولت پرڈاکہ ڈالا ہے، ان سے پائی پائی نکلوا ئی جائے گی تاکہ انہیں بھی پتہ چلے کہ غریب قوم کی کمائی لوٹنے کا انجام کیاہوتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیاتھا اورمسلمانوں نے اپنی آنکھوں میں بہت خواب سجا رکھے تھے کہ اس ملک میں آزادی کیساتھ سب کچھ ملے گالیکن بدقسمتی سے لوٹ مار اور کرپشن نے عوام کو ان کا حق نہیں دیا ۔

جب مسلمان اپنا سب کچھ قربان کر کے ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے تو آہ و بکاہ کا سما ء تھااور آج بھی مختلف وجوہات کی بنا کر انہیں آہ وبکاہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔معصوم لوگ دہشت گردی کی نذر ہورہے ہیں اوربے گناہ پاکستانیوں کاخون بہایاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی چوکھٹ پر تمام نعمتیں سلام کرتی ہیں لیکن عام آدمی کے بچے آج بھی تعلیم اورصحت کی سہولتوں کیلئے بلکتے ہیں۔