پاکستانی نوجوان ذہانت میں کسی سے کم نہیں ، گورنر سندھ

ہمارے نوجوانوں نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،انتھک محنت و لگن سے کوئی چیز نا ممکن نہیں ، تقریب کار رونمائی سے خطاب

منگل 28 جون 2016 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان ذہانت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ،ہمارے نوجوانوں نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لو ہا منوایا ہے ، جو قوم ایٹم بناسکتی ہے اس کے لئے کوئی چیز بنانا نا ممکن نہیں ، انتھک محنت اور لگن سے کوئی چیز نا ممکن نہیں اوریہی وجہ ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبہ میں کا ر ہائے نمایاں انجام دئیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فا رمولاون ریسنگ مقابلہ کے لئے بنائی جانے والی کار کی تقریب رونمائی سے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ،یہ کار این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں نے کے الیکٹرک کے تعاون سے تیار کی ہے ، یہ مقابلہ اٹلی میں 22 جولائی سے 25 جولائی 2016 ء تک منعقد ہو گا جس مین دنیا بھر کی جامعات کے طالب علم حصہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ اس مقابلہ میں حصہ لینے والی پہلی سرکاری جامعہ قرار پانے پر این ای ڈی کے طالب علم مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی کا وشوں کے باعث این ای ڈی کو یہ اعزا ز حا صل ہوا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس مقابلہ میں شرکت کے ذریعہ پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور ہار جیت سے قطع نظر اس کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی طالب علموں کی صلاحیتوں کا اعتراف ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی طالب علموں کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ تمام جامعات اور تعلیمی ادارے اس ضمن میں اپنے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ انھیں اعتماد کے ساتھ مستقبل کے چیلنجز کے لئے بھرپور طریقے سے تیار کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یو نیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے شعبہ میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور اس سے فارغ التحصیل طالب علموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ طالب علموں نے رجسٹریشن نمبر 70 حاصل کیا ہے جو ملک کے 70 ویں یوم آزادی جو کہ 14 اگست 2016 ء کو منایا جائے گا ، کی نسبت سے ہے اور ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ اس مقابلہ میں کامیابی کے لئے پر امید ہے ۔ گورنر سندھ نے کار تیاری اور طالب علموں کے اخراجات میں تعاون کرنے پر کے الیکٹرک کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دیگر کا رپوریٹ ادارے بھی سماجی خدمات خصوصاً نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مزید تعاون کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے تعاون کے باعث طالب علم اطمینانص کے ساتھ اس کے مقابلہ میں شریک ہو سکیں گے ۔ تقریب سے خطاب میں کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر فخر احمد نے اس کار کی تیاری میں کے الیکٹرک کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ معاشر ے کی خدمت پر یقین رکھتا ہے اور خصوصاً نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ان کے ادارے کی سماجی شعبہ میں سرمایہ کاری کا اہم جز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی حوصلہ افزائی اور مدد کی جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم اس مقابلہ میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی ۔ واضح رہے کہ فارمولا ایس اے ای چھوٹی کی فارمولا اسٹائل کار وں کا ایک اہم انجینئرنگ مقابلہ ہے جس میں اس کے ذریعہ دنیا بھر کے نوجوان انجینئر کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے کہ و ہ اس کے لئے کار ڈیزائن کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مکمل طور پر تیار بھی کریں اس مقابلہ میں دنیا بھر سے 250 کے قریب ٹیمیں شرکت کرینگی جبکہ پاکستان بھر سے صرف این ای ڈی کی ٹیم اس میں شرکت کررہی ہے ۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے فارمولا ریسنگ کے لئے تیار کی جانے والی کار کو اسٹارٹ کرکے اس کی باقاعدہ رونمائی بھی کی اور اس کی خوبصورتی اور تیز ترین اسپیڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این ای ڈی کے طالب علموں نے واقعی ایک منفرد کار نامہ انجام دیا ہے مجھے امید ہے کہ یہ کار فارمولا ریسنگ میں سب سے منفرد ثابت ہوگی ۔اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد افضل حق اورمیونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیع الدین صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :