قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس

وفاقی حکومت کے پروجیکٹ M-9 اور لیاری ایکسپریس وے کے حوالے سے غور لیاری ایکسپریس وے کیساتھ سروس روڈ کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، چیئرمین قائمہ کمیٹی

منگل 28 جون 2016 19:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس منگل کو چیف سیکریٹری سندھ کے دفتر میں چیئرمین قائمہ کمیٹی سفیان یوسف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کے پروجیکٹ M-9 اور لیاری ایکسپریس وے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سفیان یوسف نے کہا کہ پروجیکٹ M-9 اور لیاری ایکسپریس وے وفاق کی جانب سے اہلیان کراچی کے لئے تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے رواں سال دسمبر مین مکمل ہو جائے گا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے لیاری ایکسپریس وے کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ اس کے سروس روڈ کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن قائمہ کمیٹی نے کہا کہ M-9 پروجیکٹ کے سہراب گوٹھ پل کو بھی وسعت دی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ رہے۔

اجلاس کے بعد قائمہ کمیٹی کے ارکان نے چیئرمین کی سربراہی میں لیاری ایکسپریس وے اور M-9 پروجیکٹ کا دورہ بھی کیا۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی عبد الرحمان کانجو، نذیر احمد بوگھیو، میر صابر علی بجارانی، رمیش لعل، محمد مذمل قریشی، نسیمہ حفیظ پنازئی، انجینئر عثمان خان تراکئی اور چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔