اسلام آباد میں ایف آئی اے کی کارروائی، سعودی سفارتخانے کا ڈرائیور، اعلی افسر اور ڈاکٹر گرفتار

ملزمان کے قبضے سے تیس پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات برآمد ، حج ٹور آپریٹر کیساتھ مل کر حج کوٹہ میں فراڈ جیسے جرم میں ملوث ہے، ذرائع

منگل 28 جون 2016 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے ایک ریسٹ ہاؤس سے انسانی سمگلنگ میں ملوث سعودی سفارتخانے کے ڈرائیور ، ایک اعلی افسر اور ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ انسانی سمگلرز کا ایک گروپ ایف سیون میں قائم ریسٹ ہاؤس میں موجود ہے جس پر ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے چھاپہ مارا اور وہاں سے تین افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ڈاکٹر ساجد،ابرار احمد اور شاہد اقبال شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے 30 پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات برآمد کر لیں گئیں۔ ذرائع کے مطابق انسانی سمگلرز کا گرفتار گروہ حج ٹور آپریٹرز کیساتھ مل کر حج کوٹہ میں فراڈ جیسے جرم میں بھی ملوث ہے۔ ملزمان سے دوران تفتیش اہم انکشاافات کی توقع ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق گینگ میں اہم شخصیات کے ملوث ہونے کے بھی شواہد ملے ہیں۔ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔