چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے گوگل ہیڈکوارٹرزکیلیفورنیا میں ڈیجیٹل پنجاب پر بریفنگ دی

ڈاکٹر عمر سیف وائٹ ہاؤس کی دعوت پر انٹرپریونرشپ کانفرنس میں شرکت کے لئے امریکہ گئے تھے،انہوں نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور پلان9 و دیگرمنصوبوں کے بارے میں بتایا

منگل 28 جون 2016 19:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) پنجاب آئی ٹی بورڈوانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے سربراہ ڈاکٹر عمر سیف نے اپنے امریکہ قیام کے دوران کیلیفورنیا میں واقع گوگل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور وہاں ایک سوسے زائدآئی ٹی ماہرین کو ڈیجیٹل پنجاب کے بارے میں بریفنگ دی۔یہ بات پی آئی ٹی بی کے ایک ترجمان نے منگل کے روز پریس ریلیز کے ذریعے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف گذشتہ دنوں وائٹ ہاؤس کی دعوت پر گلوبل انٹرپریونرشپ سمٹ2016ء میں شرکت کے لئے امریکہ گئے تھے جہاں انہیں گوگل کی انتظامیہ کی جانب سے خطاب کی دعوت دی گئی۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عمر سیف نے گوگل ہیڈ کوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سمارٹ فون کی بدولت پنجاب کے حکومتی نظم و نسق میں انقلابی تبدیلیاں ممکن ہوئی ہیں بالخصوص محکمہ تعلیم، صحت ،پولیس اور دیگر محکموں میں سمارٹ مانیٹرنگ اور بائیومیٹرک نظام نے عملے کی حاضری میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور اس طرح ان محکموں کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمارٹ ٹیکنالوجی کی بدولت پنجاب میں شفافیت کو فروغ ملا ہے اور کرپشن میں کمی ہوئی ہے اس طرح عوام کو ملنے والی سرکاری سہولتوں کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے منصوبوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور موجودہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی پنجاب کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عمر سیف نے انٹرپریونرشپ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے منفرد منصوبوں پلان9، پلانXاور ٹیک ہب کنیکٹ پر بریفنگ دی جن کی اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر امسال پاکستان کو اس عالمی کانفرنس میں شرکت کا اعزازملا۔انہوں نے بھر پور معاونت پروزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشا ء اﷲ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب کو صحیح معنوں میں سماجی و شہری خدمات کے حوالے سے مثالی صوبہ بنائیں گے جس کی تقلید نہ صرف پاکستان کے دیگر صوبے بلکہ البانیہ اور رومانیہ جیسے یورپی ممالک بھی کر رہے ہیں۔