حکمران اپنے دل سے عوام کی عدالت سے سر خرو ہونے کا خیال نکال کر احتساب کیلئے تیارر ہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام کے ٹیکسوں کا ڈیڑھ کھرب ضمنی بجٹ کی مد میں استعمال کرنے کے بعد اسمبلی سے مہر ثبت کرانا جمہوریت نہیں بادشاہت ہے

منگل 28 جون 2016 19:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران اپنے دل سے عوام کی عدالت سے سر خرو ہونے کا خیال نکال کر احتساب کیلئے تیارر ہیں ،غریب عوام کے ٹیکسوں کا ڈیڑھ کھرب ضمنی بجٹ کی مد میں استعمال کرنے کے بعد اسمبلی سے مہر ثبت کرانا جمہوریت نہیں بادشاہت ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ناکامیوں کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ۔

خادم اعلیٰ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کو شاہکار منصوبہ قرار دے رہے تھے لیکن آج اس کا نام و نشان تک نہیں ۔ اس کاغذی منصوبے میں بھی صرف فارم بیچنے کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر کروڑوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنی تسلی کیلئے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں حالانکہ یہ اندر سے بڑے بے چین ہیں ۔

(جاری ہے)

حکمران اپنے دل سے عوام کی عدالت سے سر خرو ہونے کا خیال نکال کر احتساب کیلئے تیار رہیں اور اس مرتبہ قوم خود ان کا کڑا احتساب کرے گی ۔

جمشید چیمہ نے کہا کہ وفاقی وزراء صرف بڑھکیں لگانا جانتے ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف صرف پراپیگنڈا کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں جس میں وہ ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اب ختم نہیں ہوگا ۔ رمضان المبارک کے بعد اس معاملے پر پوری طاقت سے میدان عمل میں نکلیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ کھرب کاضمنی بجٹ استعمال کرنے کے بعد منظوری کیلئے ایوان میں منظوری کے لئے پیش کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ یہاں جمہوریت نہیں بادشاہت کا نظام ہے لیکن اب یہ زیادہ دیر نہیں چلے گا اور حکمرانوں کو عوام کی پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :