جسٹس سید منصور علی شاہ نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور جسٹس اعجاز الاحسن نے سپریم کورٹ کے جج کا حلف اٹھا لیا

جسٹس اعجازا لاحسن کی حلف برداری تقریب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوئی ،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے عہدے کا حلف لیا

منگل 28 جون 2016 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے لاہور ہائی کورٹ کے 45ویں چیف جسٹس اور سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجازا لاحسن نے بطور جج سپریم کورٹ حلف اٹھا لیا ۔ گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جسٹس سید منصور علی شاہ سے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا ۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی سادہ اور پُر وقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال ،صوبائی وزراء و ارکان صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، ان کے اہلخانہ، سینئر وکلاء،اعلیٰ سول حکام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سید منصور علی شاہ پندرہ ستمبر 2009ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے ،انہیں آئینی ،انتظامی ،انسانی حقوق اور ماحولیاتی استحکام کے حوالے سے امور پر دسترس حاصل ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے اہم کیسوں کے فیصلے بھی کیے جن میں متعدد کو نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پرسراہا گیا ۔

سید منصور علی شاہ لاہور ہائی کورٹ کے 45ویں چیف جسٹس ہوں گے۔بعد ازاں گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پُرعز م ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پرامن اور مستحکم معاشرے کا قیام صرف اور صرف انصاف سے ہی ممکن ہے جس کے لیے تمام آئینی قانونی اداروں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے چیف جسٹس انصاف کا بول بالا کرنے اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ معاشرے کی توانائی اور زندگی کی بنیاد انصاف ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم پر تومعاشرہ قائم رہ سکتا ہے لیکن ناانصافی پر نہیں ، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے انصاف کی فوری فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو اس کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہمارے منشور کا بنیادی نقطہ ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ میں اﷲ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عزت و توقیر سے نوازا ہے اور میری پوری کوشش ہو گی کہ مجھے صوبے میں انصاف کے جس سب سے بڑے منصب پر فائز کیا گیا ہے میں نہ صرف اس کے تقاضوں کو پورا کر سکوں بلکہ حق اور انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنا سکوں۔

جبکہ سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے جسٹس اعجازا لاحسن کی حلف برداری تقریب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے ان سے حلف لیا ۔تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس اقبال حمید الرحمن، جسٹس عمر عطابندیال ، جسٹس منظور ملک ، جسٹس امیر مسلم ہانی ، جسٹس خلجی عارف ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی ،سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار رانا عبد الرحمن ضیا، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی ، ممبر پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل الیاس خان ، ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی سپریم کورٹ بار رانا قیصر امین سمیت سپریم کورٹ بار باڈی کے دیگر ارکان اور سینئر وکلاکی بڑی تعداد موجود تھی۔