پیپلزپارٹی کی جانب سے داخل ریفرنس نواز حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا،مولابخش چانڈیو

نوازشریف نے اپنے رفقاء کے ناموں پر آف شور کمپنیاں قائم کرکے قوم کو کئی سالوں سے دھوکہ میں رکھا، مشیراطلاعات سندھ

منگل 28 جون 2016 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات اور آرکائیوز مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پیپلزپارٹی کی جانب سے داخل کروایا گیا ریفرنس نوازشریف کی حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا اور قوم کو کرپشن اور اقرباپروری سے نجات دلائے گا۔ منگل کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے رفقاء کے ناموں پر آف شور کمپنیاں قائم کرکے قوم کو کئی سالوں سے دھوکہ میں رکھا، پانامالیکس اس ریکارڈ کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے خلاف بڑا ثبوت ہے۔

پانامہ کے لاء فرم اور کارپوریٹ سروس پروائیڈر موساک فونسیکا جس نے پاناما لیکس کا انکشاف کیا تھا اس میں نوازشریف کے بچوں اور ان کے بھائی شہباز شریف کے سسرال کی آف شور کمپنیوں کا ذکر کیا گیا ہے، جو کہ ملک اور قوم سے غداری ہے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز اور انکے بھائیوں حسین اور حسن نواز کی بھی 4آف شور کمپنیاں بتائی گئی ہیں، جن میں نیسکول لمیٹڈ، نیلسن ھولڈنگس لمیٹڈ اور کومبر گروپ انک اور ہینگن پراپرٹی ہولڈرس لمیٹیڈ شامل ہیں، ان کمپنیوں نے سال 2006-07 کے دوراں لندن میں پڑے پیمانے پر پرآسائش اور مہنگی املاک خریدیں۔

پاناما پیپرز کے مطابق ان کمپنیوں نے املاک کیلئے 13.8ملین امریکی ڈالرز سے زائد قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ قوم کے آگے وہ اپنے اثاثے ظاہر کرنے میں ناکام رہے ہیں ، قوم سے اثاثے چھپانا نہ صرف ٹیکس ادا کرنے سے فرار اختیار کرنا ہے بلکہ یہ قومی خزانے کی چوری بھی ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے کے خلاف کارروائی کیلئے قومی مطالبے کی روشنی میں پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ملک کے حکمران نوازشریف کو نااہل قرار دینے کیلئے ریفرنس داخل کروایا ہے۔

مولابخش چانڈیو نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف 2013میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس اپنے نامزدگی پیپر جمع کراتے وقت بھی 6ارب روپے کے نادہندہ تھے۔ نوازلیگ کے وزیر اعظم نے اپنی بیوی اور بچوں کی املاک کی غلط تفصیلات ظاہر کیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اپنے انکم ٹیکس ریٹرنس اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے گمراہ کیا۔

ان انکشافات کے بعد نوازشریف کو ملک پر حکومت کرنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم نوازشریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبا زشریف، حمزہ شہباز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف اپنے اثاثے قوم سے چھپانے پر ایک ہزار صفحوں پر مشتمل ریفرنس داخل کروایا ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے داخل کیئے گئے ریفرنس میں الیکشن کمیشن کو آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے تحت وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنس داخل کرنے کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت میں گذشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے بچانے کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور مفاہمتی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے قوم کو خوشحال بنانے کیلئے قیادت کی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ان ظالم قوتوں کے خلاف ہمیشہ جنگ کی ہے جنہوں نے کرپشن اور یگر حربوں کے ذریعے قوم سے دھوکہ بازی کی ہے اور یہ پیپلزپارٹی ہی تھی جس نے ملک کے تمام صوبوں کوخود مختاری دی مگر مسلم لیگ ن سندھ حکومت کے معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی حمایت سے غیر جمہوری قوتیں ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو نقصان پہنچانے کے لئے سرگرم ہوگئی ہیں مگر پیپلز پارٹی کی قیادت شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دیئے گئے سبق پر عملدرآمد کرتے ہوئے جمہوریت کے فروغ اور مضبوطی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو محفوظ کرنے اور عوام کی بھر پور خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :