سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا امیدواروں سے درود‘کلمے اور سورتیں سننے پر الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ ارکان پرغصہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جون 2016 18:35

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا امیدواروں سے درود‘کلمے اور سورتیں سننے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں درود‘کلمے اور سورتیں سننے پر کمیٹی کے اراکین کا اظہار برہمی ‘الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ ارکان کی تنخواہوں اور مراعات کے معاملے پر بحث کے دوران الیکشن کمیشن کے اراکین کو سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور تجویزپیش کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے اراکین سے تنخواہوں اور مراعات کی مد میں لی گئی رقوم واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے ممبران سے کروڑوں روپے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت اجلاس میں کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ ارکان نے تنخواہوں اور مراعات کی مد میں غیرقانونی طور پر کروڑوں روپے وصول کئے، انہوں نے عام انتخابا ت میں سیاستدانوں کی بہت پگڑیاں اچھالیں، ان سے درود اور کلمے بھی سنے، انہیں سزا بھی ملنی چاہئے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ کیا ارکان پانچ سال بغیر تنخواہ کے کام کرتے؟ اس پر پی ٹی آئی کے محسن عزیز نے کہا کہ تنخواہ نہ لیتے، الیکشن کمیشن رک جاتا تو کچھ تو ٹھیک ہوتا۔الیکشن کمشن حکام کا کہنا تھا کہ 2011ءمیں ان ارکان کے تقرر کے وقت ان کی تنخواہوں اور مراعات کا تعین کیا گیا اور نہ اس حوالے سے اب تک کوئی قانون سازی ہوئی ہے۔