ملکی معیشت میں بہتری کا انحصار بڑی حد تک کراچی میں قیام امن پر ہے ،امجدصابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی ہے ،متعلقہ حکام کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،آرمی چیف کا کراچی آپریشن جاری رکھنے کابے لاگ اعلان خوش آئند ہے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کی پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

منگل 28 جون 2016 17:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کا انحصار بڑی حد تک کراچی میں قیام امن پر ہے ،امجدصابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغواہ سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی ہے ،متعلقہ حکام کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،آرمی چیف کا بے لاگ اور بلا رکاوٹ کراچی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان خوش آئند ہے۔

وہ منگل کو پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں پارٹی راہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پرامن کراچی ملکی معیشت کی مضبوطی کا ضامن ہے۔کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کرتی ہے وہاں اس کے ملکی معیشت پر بھی انتہائی منفی اثرات پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ہم نے پاکستان کو خوشحال دیکھنا ہے تو کراچی میں امن قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ،اغواہ اور قتل جیسی وارداتوں میں مسلسل اضافے نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان پیدا کردیا ہے۔اس حوالے سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر میں صرف افواج پاکستان ہی متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔انہوں نے آرمی چیف کی طرف سے کراچی میں مکمل قیام امن تک آپریشن جاری رکھنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قراردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنی چاہئیے اور عوام کو سیکیوریٹی اداروں کا بھر پور ساتھ دینا چاہئیے تا کہ کراچی کا کھویا ہوا امن واپس حاصل کیاجاسکے۔