اے پی ایم ایل کا کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار

ملکی معیشت میں بہتری کا انحصار بڑی حد تک کراچی میں قیام امن پر ہے، امجد صابری، اویس شاہ کے اغواء سے شہر میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوگئی، ڈاکٹر محمد امجد

منگل 28 جون 2016 17:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کا انحصار بڑی حد تک کراچی میں قیام امن پر ہے۔امجدصابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغواء سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی ہے۔

متعلقہ حکام کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔آرمی چیف کا بے لاگ اور بلا رکاوٹ کراچی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں پارٹی راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پرامن کراچی ملکی معیشت کی مضبوطی کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کرتی ہے وہاں اس کے ملکی معیشت پر بھی انتہائی منفی اثرات پڑتے ہیں۔

اگر ہم نے پاکستان کو خوشحال دیکھنا ہے تو کراچی میں امن قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ،اغواہ اور قتل جیسی وارداتوں میں مسلسل اضافے نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان پیدا کردیا ہے۔اس حوالے سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر میں صرف افواج پاکستان ہی متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔انہوں نے آرمی چیف کی طرف سے کراچی میں مکمل قیام امن تک آپریشن جاری رکھنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قراردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنی چاہئے اور عوام کو سیکیوریٹی اداروں کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے تا کہ کراچی کا کھویا ہوا امن واپس حاصل کیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :