بلاول بھٹو کی بے بسی، ناراضی یا اظہار لاتعلقی؟…… بلاول بھٹو کا رویہ سندھ حکومت سے ناراضی کا عکاس ہوسکتاہے ،مبصرین

بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے،سعید غنی ،بلاول نے جو لہجہ اپنایا وہ اپوزیشن کا ہوتا ہے ،خواجہ اظہار

منگل 28 جون 2016 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر صحافی کے سوال پر کہ اویس شاہ کے اغوا اورامجد صابری کے قتل پرسندھ حکومت کیا کررہی ہے؟ بلاول بھٹو نے سوال صوبائی وزیر داخلہ کی جانب بڑھا دیا اور کہا کہ جواب دو سندھ حکومت جواب دو۔چیئرمین بلاول بھٹوز رداری کے سندھ حکومت سے متعلق سوال پر ایسے جواب اور اندازپرصحافی بھی ہکا بکا رہ گئے ، مبصرین خیال ظاہر کررہے ہیں کہ بلاول بھٹو کا رویہ ان کی سندھ حکومت سے ناراضی کا عکاس ہوسکتاہے ۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے اس تاثر کو ردکرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا رویہ بلاول نے اپنایا یہ لہجہ اور مطالبہ تو اپوزیشن کا ہوتاہے ، بلاول اپنی پارٹی میں انقلابی تبدیلیاں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے آج سندھ حکومت کو عوام کے سامنے کھڑا کیا ، سندھ حکومت اپنی کارکردگی درست کرے۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے بلاول بھٹو سندھ حکومت سے ناراض ہیں ، بلاول بھٹونے طنزیہ انداز میں کہا کہ جواب دو سندھ حکومت جواب دو، اس سے ظاہر ہوتا ہے بلاول خود بھی سندھ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ بلاول کی سندھ حکومت سے ناخوش ہونے کی کوئی بات نہیں، بلاول امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے گئے تھے،وزیرداخلہ ان کے ہمراہ تھے، بلاول بھٹو زرداری نے مناسب بات کی کہ ہوم منسٹر جواب دیں ۔