وزیرِداخلہ سے فرانسیسی سفیرمس مارٹین ڈورنس کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 28 جون 2016 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے فرانسیسی سفیرمس مارٹین ڈورنس کی ملاقات کی ہے ،جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے مشترکہ مفادات کے حصول اور سیکیورٹی سمیت درپیش مختلف چیلنجزپر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین کثیر جہتی تعاون کے مزیدفروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ باہمی تجربات و مہارت سے مکمل طور پر استفادہ کیا جا سکے، وزیرِداخلہ نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف معاونت دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں بشمول پولیس کی استعدادِکار بڑھانے کے سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون خوش آئند ہے جسے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔