پاکستان کے معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی سرجری کامیابی سے مکمل ،

عبد الستار ایدھی کی طبیعت اور صحت پہلے سے بہتر ہے ۔ سٹاف ممبر ایدھی فاﺅنڈیشن ایدھی صاحب نے کہا ’ میرا مان توڑ دیا انہوں نے‘ ۔ بلقیس ایدھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 جون 2016 16:55

پاکستان کے معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی سرجری کامیابی سے مکمل ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جون 2016ء) :پاکستان کے معروف سماجی رہنما عبد الستار کی سرجری کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے جس کے بعد اب عبد الستار ایدھی کی صحت پہلے سے بہتر ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عبد الستار ایدھی کی سرجری سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کراچی میں ہوئی ۔ ایدھی فاﺅنڈیشن کی سٹاف ممبر حمیرہ فیاض نے بتایا کہ ان کی طبیعت اور صحت پہلے سے قدرے بہتر ہے۔

عبد الستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی نے بتایا کہ آپریشن کامیاب رہا البتہ عبد الستار ایدھی تاحال آئی سی یو میں موجود ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ ایدھی صاحب اپنے متعلق سب کچھ جانتے ہیں اور ہمیں دیکھ کر رد عمل بھی ظاہر کرتے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

بلقیس ایدھی کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں آنکھیں کھولنے اور بند کرنے کا کہا تو انہوں نے میرے کہنے کے مطابق ہی اپنی آنکھوں کو حرکت دی، جس سے ظاہر ہے کہ انہیں میری باتوں کی سمجھ آ رہی تھی۔

ایدھی فاﺅنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ عبد الستار ایدھی کا آپریشن پیر کے روز ہونا تھا لیکن یوم علی پر رش کے باعث ڈاکٹرز نہ پہنچ سکے۔بلقیس ایدھی نے بتایا کہ ایدھی کے دفتر میں چوری کے بعد ہی سے عبد الستار ایدھی بستر سے جا لگے،چند ماہ قبل دفتر میں ہوئی چوری پر وہ ہل کر رہ گئے، اور کہتے تھے کہ انہوں نے میرا مان توڑ دیا ہے۔معاشی مشکلات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بلقیس ایدھی نے بتایا کہ عبد الستار ایدھی اپنی ایک جانب رکھی ہوئی الماری کو دیکھتے ہیں اورروتے جاتے ہیں۔