گورنمنٹ ہسپتال کورنگی نمبر 5 میں بچوں کی نرسری کا افتتاح عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا، جام مہتاب حسین ڈہر

منگل 28 جون 2016 16:44

کراچی ۔ 28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ این آئی سی ایچ پر مریض بچوں کا دباؤ کم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، عیدالفطر کے بعد گورنمنٹ ہسپتال کورنگی نمبر 5 میں بچوں کے علاج کے لئے نرسری کا افتتاح کیا جائے گا اور نیو کراچی ہسپتال میں جلد بچوں کی نرسری قائم کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایم ایس کورنگی ہسپتال نمبر 5 ڈاکٹر توفیق احمد اور ایم ایس نیو کراچی ہسپتال ڈاکٹر زمان نے بھی شرکت کی۔ جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ این آئی سی ایچ میں خیبر پختونخواہ، پنجاب اور بلوچستان سے بھی مریض آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریض بچوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لئے کراچی کے گردو نواح میں بھی علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں روزانہ صرف او پی ڈی مریضوں میں سے تقریباََ 13 اینجیو پلاسٹی کی جاتی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ بچوں کے دل کے امراض کے علاج کے لئے بھی علیحدہ سے وارڈز تعمیر کئے گئے ہیں اور تمام طبی سہولیات بہت کم قیمت یا بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید بتایا کہ اس سال حیدرآباد میں دل کے امراض کے علاج کے لئے انسٹیٹیوٹ مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ان مریضوں کو کراچی آنے کی تکلیف نہیں اُٹھانی پڑے گی جبکہ کوریا کے تعاون سے سکھر میں بھی بچوں کا ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔