حکومت کی کوششوں سے پولیو کے مرض میں خاطر خواہ کمی آئی ، پاکستان جلد ہی پولیو سے مکمل طور پر چھٹکارا پالے گا

قائم مقام صدر مملکت میاں رضا ربانی کی روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان سے بات چیت

منگل 28 جون 2016 16:32

اسلام آباد ۔ 28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء) قائم مقام صدر مملکت میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے پولیو کے مرض میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ یہ بات قائم مقام صدر مملکت نے روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ قائم مقام صدر نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد ہی پولیو سے مکمل طور پر چھٹکارا پالے گا، اس سلسلہ میں روٹری انٹرنیشنل کی معاونت پاکستان کیلئے بہت مددگار ثابت ہوئی ہے۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ کامیابی سے جاری ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پولیو کی روک تھام کیلئے فاٹا میں بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام صدر نے کہا کہ پولیو ورکرز مرض کی روک تھام کیلئے اپنی جان بھی دینے سے نہیں گھبرا رہے۔ حکومت پولیو ورکرز کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل روٹری کے چیئرمین مائیکل میک گورن نے قائم مقام صدر کو اپنی تنظیم کی پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کی روک تھام کے علاوہ روٹری انٹرنیشنل صاف پانی اور تعلیم پر توجہ دے رہی ہے۔