آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کیلئے تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت گیارہویں معاشی جائزہ کی منظوری دیدی، منظوری کے نتیجہ میں آئی ایم ایف پاکستان کو فوری طور پر 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جاری کرے گا

منگل 28 جون 2016 16:22

اسلام آباد ۔ 28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کیلئے تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت گیارہویں معاشی جائزہ کی منظوری دیدی، اس منظوری کے نتیجہ میں آئی ایم ایف پاکستان کو فوری طور پر 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جاری کرے گا۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور اس کے نتیجہ میں اقتصادی کارکردگی میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے گیارہویں جائزہ کی منظوری دی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت گیارہویں جائزہ کیلئے گزشتہ ماہ مذاکرات ہوئے تھے۔ آئی ایم ایف کے ایک اعلامیہ کے مطابق توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت گیارہویں قسط کے اجراء کے نتیجہ میں پاکستان کو ملنے والی رقم کا حجم 6.01 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منعقدہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مٹسوہیرو فرسوا نے کہا کہ پاکستان میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور میکرو اکنامک استحکام کے نتیجہ میں معاشی بحالی بتدریج بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت سال کے اختتام تک مالیاتی اہداف کے حصول کی راہ پر گامزن ہے، نئی کاروباری اصلاحاتی حکمت عملی پر عملدرآمد کے ساتھ آگے بڑھنے کے حکومتی عزم سے مسابقت میں اضافہ ہو گا اور سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی جبکہ اس کے نتیجہ میں نجی شعبہ بھی ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :