چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی عام انتخابات میں شفافیت اور سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے فوج کی تعیناتی کی درخواست

منگل 28 جون 2016 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون ۔2016ء) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس مصطفی مغل نے آزاد کشمیر میں 21جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں شفافیت اور سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے وفاق سے فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے لئے درخواست دیدی‘ وفاق نے اس حوالے سے آئندہ چند روز میں کوئی فیصلہ کرنے کا وعدہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے درخواست کی کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات یقینی بنانے اور سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لئے فوج اور پیرا ملٹری فورسز درکار ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکیورتی پوائنٹ آف ویو سے بعض حساس حلقوں کی نشاندہی بھی کی۔ وزیر داخلہ نے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا کہ وہ اس حوالے سے جی ایچ کیو سے رابطے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں کیونکہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ وہ فوجی قیادت سے معلوم کریں گے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کی نگرانی کے لئے فوج کے کتنے دستے دستیاب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کی دستیابی بھی مشکل ہوگی تاہم دیگر صوبوں کی پولیس‘ ایف سی سمیت سول آرمڈ فورسز فراہم کی جاسکتی ہیں تاہم فوج سے کوآرڈینیشن کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات اس قدر صاف شفاف اور غیر جانبدار ہوں کہ کوئی بھی ان پر انگلی نہ اٹھا سکے۔