جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری

کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب رینجرزسے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد مارے گئے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹ و دیگر خطرناک ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں،ترجمان رینجرز سندھ

منگل 28 جون 2016 15:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، پیراور منگل کی درمیانی شب کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب رینجرزسے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد مارے گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمدہواہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے نادرن بائی پاس کے قریب خیرآباد کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر رینجرز اور پولیس نے چھاپہ مارا تو علاقے میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے بعد علاقے میں رینجرزکی بھاری نفری طلب کر کے آپریشن شروع کر دیاگیا۔

رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 15 منٹ سے زائد جاری رہا جس میں رینجرز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ اور دیگر خطرناک ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جن میں سے ایک دہشت گرد کی شناخت اکرام محسود کے نام سے کی گئی ہے۔ایس ایچ او منگھو پیر غلام حسین کورائی کے مطابق ہلاک دہشت گرد رینجرز اور پولیس پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔

متعلقہ عنوان :