ڈاکٹرفاروق ستارکی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ملاقات بیٹے کے اغوا پر افسوس کا اظہار

منگل 28 جون 2016 15:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم) کے سینئررہنماڈاکٹرفاروق ستار نے منگل کوسندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ سے سندھ ہائی کورٹ میں ان کے چیمبرمیں ملاقات کی اور ان کے بیٹے کے اغوا پر افسوس کا اظہار کیا۔ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ ایم کیوایم اویس شاہ کے اغوا میں آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اویس شاہ کی بازیابی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں اویس شاہ کو بازیاب کرانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ چیف جسٹس کو ایم کیو ایم کی طرف سے مکمل یقین دہانی کرائی ہے، ایم کیوایم چیف جسٹس کے غم میں برابرکی شریک ہے۔امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاشہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر نظر نہیں آ رہی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید بہتر اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں چیف جسٹس کے بیٹے کا اغوا ہونا اور معروف قوال امجد صابری کا قتل ہوجانا ثابت کرتا ہے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کی جا رہی ہے۔ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام اور ریاست میں فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔

حکومتی اور انتظامی معاملات میں عوام دورتک شامل نہیں ہیں۔ریاست اور حکومت اکیلے کچھ نہیں سکتے ،عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کا از سر نو جائزہ لیا جائے جہاں غلطیاں ہوئی ہیں انہیں دور کیا جائے۔ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرے میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے ۔ اسٹریٹ کرائم کو روکنے کے لئے تھانے کی سطح پر نظام بنانا چاہئیے ۔واضح رہے کہ چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس علی شاہ کو اغوا ہوئے آج سات روز مکمل ہوچکے ہیں لیکن ان کی بازیابی سے متعلق حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے لفاظ سازی کی بھرمار کی جا رہی ہے لیکن بازیابی سے متعلق ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے