پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی اگست میں شیڈول قومی ایونٹ کیلئے پانچ غیر ملکی ٹیموں کو شرکت کی دعوت

منگل 28 جون 2016 15:13

اسلام آباد ۔ 28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے رواں برس اگست میں شیڈول قومی سائیکلنگ ایونٹ میں شرکت کے سلسلے میں پانچ غیرملکی ٹیموں کو دعوت نامے بھیج دیئے۔

(جاری ہے)

منگل کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے پی سی ایف کے سیکرٹری اظہر علی شاہ نے بتایا ہے کہ سائیکلنگ ایونٹ 25 اگست کو خیبرایجنسی میں منعقد ہو گا، ریس کا آغاز باب خیبر اور اختتام طورخم بارڈر میں ہو گا اور شرکاء کو 73 کلومیٹرز کا فاصلہ طے کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایونٹ میں شرکت کیلئے سری لنکا، ایران، افغانستان، نیپال اور بنگلہ دیش کو دعوت نامے بھیج دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایونٹ کے انعقاد کا مقصد قبائلی علاقوں میں اس کھیل کو فروغ دینا ہے، ریس کیلئے 10 ہزار ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے اور خیبرایجنسی کی انتظامیہ نے ریس کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔