چارسدہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کیلئے سیکیورٹی پلان جاری

منگل 28 جون 2016 15:01

چارسدہ ۔28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کیلئے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ پولیس افسران کی چھٹیاں منسوح کر دی گئی ۔تجارتی مراکز میں غیر معمولی رش کنڑول کرنے کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی حصوصی ہدف سونپ دیا گیا ۔ چارسدہ پولیس رمضان المبارک میں پوری ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے ۔

وہ اپنے دفتر میں چارسدہ یونین آف جرنلسٹس کو انٹر ویو دے رہے تھے ۔ ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے آئی جی خیبر پختون نخوا ناصر درانی اور ڈی آئی جی محمد طاہر خان کی ہدایت پر حصوصی سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا جس پر چارسدہ پولیس نے پوری طرح عمل درآمد کرکے امن و امان کو یقینی بنا یا اور رمضان کے ابتدائی دو عشروں میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہو ا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ رمضان المبارک میں چارسدہ پولیس نے شدید گرمی اور نامساعد حالات کے باوجود اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کئے جس پر وہ چارسدہ پولیس کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس عوام کی جان و مان کی ذمہ دار ہوتی ہے مگر پولیس والے بھی انسان ہو تے ہیں اور ان کے بھی خواہش ہوتی ہے کہ رمضان المبارک کے بر کات سے مستفید ہو سکے اور زیادہ وقت خاندان اور بچوں کے ساتھ گزار ے مگر عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ان کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی ۔

انہوں نے کہاکہ رمضا ن المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کے لئے سیکیورٹی پلان جاری کیا گیا ہے ۔ تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اضافی گشت کے ساتھ ساتھ رائیڈر سکوآڈ کا گشت بڑھانے کی حصوصی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تجارتی مراکز میں رش کنڑول کرنے کیلئے حصوصی ٹریفک پلان پر عمل در آمد شروع کیا گیا ہے ۔ تمام مارکیٹوں میں سفید پارچات میں مر د و خواتین پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ چارسدہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ناکہ بندیاں سخت کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے تاجروں اور عوام سے اپیل کی کہ عید کی خریداری کے لئے آنیوالے لوگوں پر کھڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ نماز عید کے ا جتماعات کیلئے بھی بھر پور سیکورٹی پلان تیار کیا جائیگا۔