لاہور کی سول عدالت نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو سیل کئے جانے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق,,,سیکرٹری ریلوے اور آئی جی ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 28 جون 2016 14:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جون۔2016ء ) لاہور کی سول عدالت کے جج ندیم احمد نے کیس کی سماعت کی.رائل پام انتظامیہ کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریلوے انتظامیہ نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر رائل پام کو دن دیہاڑے رکاوٹیں اور تالے لگا کر بند کر دیا.انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے واجبات کی وصولی کو جواز بنا کر کلب کو تالے لگائے جبکہ اس حوالے سے قانون کے مطابق کوئی نوٹس نہیں دیا گیا.

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ رائل پام انتظامیہ نے ریلوے انتظامیہ کے واجبات مقررہ تاریخوں میں ادا کردئیے ہیں لہذا عدالت ریلوے انتظامیہ کی غیر قانونی کاروائی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کلب کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے.جس پر عدالت نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو سیل کئے جانے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق,,,سیکرٹری ریلوے اور آئی جی ریلوے کو بارہ جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.