حلقہ6 سماہنی چوہدری محمد کریم کو امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے دستخط شدہ ترازو کے نشان سے باضابطہ ٹکٹ جاری

مخالفین کی طرف سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ

منگل 28 جون 2016 14:47

سماہنی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون ۔2016ء)حلقہ6 سماہنی 2سے چوہدری محمد کریم کو امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر کے دستخط شدہ ترازو کے نشان کے ساتھ باضابطہ نامزدگی ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔جماعتی نامزدگی کی منظوری کے کاغذات ریٹرنگ آفیسر سماہنی کے پاس جمع کروا دئیے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی مخالفین کی طرف سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔

اس کے ساتھ جماعت کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جب جماعتی ذمہ داران سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جماعت کے کارکنان پہلے ہی بھرپور الیکشن مہم میں مصروف عمل ہیں۔اب جب کہ جماعتی ٹکٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے تو جماعت کے کارکنان پوری روح سے الیکشن مہم کو آگے بڑھائیں گے۔اس موقع پر جماعتی ذمہ داران نے کہاکہ دیگر جماعتوں میں ٹکٹ کے معاملے پر شدید اختلاف اور تقسیم پائی جاتی ہے جب کہ کچھ حسب روایت جماعتوں سے علیحدہ ہو کر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے متفقہ امیدوار کا سامنے آنا یہ واضح کرتا ہے کہ حقیقی جمہوریت صرف جماعت اسلامی میں پائی جاتی ہے۔حلقے کے تمام کارکنان نے چوہدری محمد کریم کو جماعت کا ٹکٹ جاری ہونے پر مبارکباد دی۔